ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کیرالہ میں بی جے پی اُمیدوار کا الیکشن جیتنے پر اچھی کوالٹی کا گائے کا گوشت فراہم کرنے کا وعدہ

کیرالہ میں بی جے پی اُمیدوار کا الیکشن جیتنے پر اچھی کوالٹی کا گائے کا گوشت فراہم کرنے کا وعدہ

Sun, 02 Apr 2017 20:42:55    S.O. News Service

ملپورم 2/ اپریل (ایس او نیوز/ ایجنسی) بھلے ہی بی جے پی زیراقتدار والی زیادہ تر ریاستوں میں گائوکشی پر سخت ترین قانون منظور کیا گیا ہو اور گائے کے ذبح خانوں پر سنگھ پریوار کے کارکن حملے کرتے پھررہے ہوں، مگر کیرالہ میں بی جے پی کے ایک لوک سبھا امیدوارنے الیکشن میں جیت درج کرنے پر  کیرالہ کے لوگوں کو اچھی کوالٹی کا گوشت دستیاب کروانے کا وعدہ کیا ہے. بی جے پی لیڈر نے لوگوں سے وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ رکن پارلیمان منتخب ہو جاتے ہیں تو اپنے حلقہ میں اچھے بیف کی فراہمی یقینی بنائیں گے. یہ کہنا ہے کیرالہ کے ملا پورم لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی کے امیددار این شری پرکاش کا.

پریس کانفرنس کے دوران بی جے پی کے امیدوار نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا، "میں ووٹروں سے وعدہ کرتاہوں،  اگر میں کامیاب ہوا تو لوگوں کواچھے گوشت فراہم کروں گا۔ میری کوشش اچھے معیار کی گوشت کی دستیابی کو یقینی بنانے کی ہوگی". گو-ہتھیا پر پابندی کے لیے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ماضی میں کئی ریاستوں میں جب کانگریس اقتدار میں تھی تو اس نے گئو-کشی  پر پابندی لگائی تھی.اور اب اُن ریاستوں میں بیف کو مزہ لے کر کھانا غیر  قانونی ہوگیا ہے۔

کیرالہ میں بی جے پی لیڈر کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے، جب سنیچر کوچھتیس گڑھ کے  بی جے پی  وزیر اعلی رمن سنگھ نے گائے کے ذبح  کرنے والوں کو پھانسی دینے کی بات کہی تھی.

یاد رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے گئو کشی اور گائے کے گوشت کی اسمگلنگ کو روکنے کے نام پر گجرات میں گئو تحفظ کے ایکٹ میں بھی ترمیم  کیہے  اور نئے قانون میں گوكشي کرنے والوں کو عمر قید کی سزا دلانے کا قانون منظور کیا  ہے.

کیرالہ ملک کے ان ریاستوں میں سے ایک ہے، جہاں گائے کے گوشت کی فروخت اور کھانے پر پابندی نہیں ہے. کیرالہ کے علاوہ مغربی بنگال، آسام، اروناچل پردیش، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، تریپورہ، سکم اور ایک مرکز ی حکومت کے زیر انتظام ریاست لکش دیپ میں گئو کشی  پر پابندی نہیں ہے.

یہ بھی یاد رہے کہ بی جے پی نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ اگر نارتھ ایسٹ کی ریاستوں میں بی جے پی اقتدار میں آتی ہےتو گائے کے گوشت پر پابندی عائد نہیں کرے گی. نارتھ ایسٹ کی تین ریاستوں میں اگلے سال انتخابات ہونے ہیں.  میگھالیہ، میزورم اور ناگالینڈ میں عیسائیوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور زیادہ تر لوگ گوشت کھاتے ہیں۔


Share: